امریکا میں چیٹ جی پی ٹی کے بانی کی بہن نے اپنے بھائی پر کئی برسوں تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق این آلٹمین نے عدالت میں دائر مقدمے میں بتایا کہ ان کے بھائی سام آلٹمین نے انھیں اس وقت سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا شروع کیا جب میں صرف 3 سال کی تھی۔
این آلٹمین نے مزید بتایا کہ اُن کے بھائی سام آلٹمین نے 1997 اور 2006 کے دوران انھیں متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ میری عمر کم تھی، بھائی نے کئی سالوں تک جنسی استحصال کیا جس سے میں ڈپریشن کے مرض میں مبتلا ہوگئی تھی۔
این آلٹمین کا بیان قلم بند کرلیا گیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
دوسری جانب اپنی والدہ اور دو بھائیوں کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں سام آلٹمین نے اپنی بہن کے الزمات کو مسترد کردیا۔
انھوں نے بیان میں کہا کہ خاندان کے کسی ایسے فرد کی دیکھ بھال کرنا جو دماغی صحت کے چیلنجوں کا سامنا کرتا ہے ناقابل یقین حد تک مشکل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ این نے اس سے قبل خاندان کے افراد پر والد کے فنڈز کو ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
تاہم این نے جو سب سے برا الزام لگایا وہ بچپن میں سام کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا تھا۔
سام آلٹمین کے اہل خانہ نے بیان میں مزید کہا ہے کہ بہن این نے پیسوں کا مطالبہ کیا ہے اور عدم ادائیگی پر یہ الزام عائد کیا۔