روشن خاندان پر بنی نیٹ فلکس فلم کا ٹریلر جاری، فلم کب ریلیز ہوگی؟
نیٹ فلکس نے بالی ووڈ کے مشہور فلمی دنیا سے وابستہ خاندان پر بنی نئی دستاویزی فلم ’دی روشنز‘ کا ٹریلر جاری کر دیا۔
یہ ٹریلر ہریتک روشن کی 51ویں سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے۔ اس دستاویزی روشن خاندان کی وراثت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جس کا آغاز موسیقار روشن سے ہوتا ہے اور یہ سلسلہ ان کے بیٹوں، راکیش روشن اور راجیش روشن، اور پوتے ہریتک روشن تک جاری رہتا ہے۔
تین منٹ کے اس ٹریلر کا آغاز ہریتک روشن کی اپنے دادا روشن کے گانوں کی کیسٹ بجانے سے ہوتا ہے۔ ٹریلر میں ہریتک فخر اور خوشی کے ساتھ کہتے ہیں، ’یہ میرے دادا کی آواز ہے۔ ان کا پورا نام روشن لال نگریتھ تھا۔ یہ ایک دلچسپ کہانی ہے کہ ہمارا نام نگریتھ سے روشن کیسے ہوا۔‘
ٹریلر میں خاندان کے دو بھائیوں کی کہانی دکھائی گئی ہے، جنہوں نے اپنے والد کے فن کو اپنایا- ایک نے موسیقی میں مہارت حاصل کی اور دوسرے نے اداکاری اور فلمسازی میں۔ ٹریلر کامیابی کے ساتھ اس خاندان کو پیش آنے والے چیلنجز کو بھی دکھایا گیا ہے خاص طور پر وہ وقت جب سن 2000 میں راکیش روشن پر ممبئی میں حملہ کیا گیا۔
ٹریلر میں مشہور شخصیات جیسے آشا بھوسلے، شتروگھن سنہا، شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا کے تاثرات بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ یہ دستاویزی فلم 17 جنوری کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔