گورنر سندھ کا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان

چوتھے عالمی بلائنڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کامران ٹسوری


ویب ڈیسک January 10, 2025

کراچی:

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنی جانب سے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی چیمپیئن پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں تقریب ہوئی، گورنر نے عالمی بلائنڈ چیمپیئن ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے سندھ حکومت سے ہر کھلاڑیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے انعام دینے کی سفارش کی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی بلائنڈ کپ جیتنا قومی اعزاز ہے، چوتھے عالمی بلائنڈ کپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بھارت میں منعقدہ تیسرے عالمی کپ میں ویزے نہ ملنے کے سبب پاکستان شریک نہ ہو سکا تھا۔

کامران خان ٹسوری نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے کراچی میں میچز کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

پاکستان بلائنڈ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاکستان بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ اپریل میں بیرون ملک کا دورہ کرے گی، دورہ آسٹریلیا میں سیریز کا انعقاد ہوگا جبکہ اگلے ماہ چوتھی قومی ویمن بلائنڈ کرکٹ چیمپیئن کا انعقاد ہوگا۔

صدر پاکستان بلائنڈ کونسل نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ کے فروغ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کردار اہم ہے، بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم لاہور میں تعمیر کیا گیا ہے مگر تاحال کونسل کے حوالے نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر، پاکستان بلائنڈ ٹیم کے کپتان نثار علی نے کھلاڑیوں کا تعارف کروایا۔ کونسل کے عہدے دار سلمان بخاری، آصف عظیم اور طاہر بٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں