رئیلٹی شو سے بالی ووڈ میں شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ شالینی پاسسی نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے بچے کی پیدائش کے بعد انہیں سنگین جسمانی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
شالینی نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے مابعد زچگی کے مسائل پر کھل کر بات کی۔ شالینی نے بتایا کہ انہوں نے 18 سال کی عمر میں سنجے پاسسی سے شادی کی تھی، 21 سال کی عمر میں اپنے پہلے بچے کی ماں بنیں۔ تاہم یہ تجربہ ان کے لیے آسان نہیں تھا۔
شالینی نے انکشاف کیا کہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد ان کی کمر اور ٹانگوں میں حس ختم ہو گئی تھی، اور ڈاکٹروں نے انہیں ہر چھ ماہ بعد ریڑھ کی ہڈی میں انجیکشن لینے کا مشورہ دیا کیونکہ وہ چلنے اور ہلنے جلنے سے محتاج ہوگئی تھیں۔
شالینی نے بتایا کہ ڈاکٹر نے انہیں خبردار کیا کہ وہ نہ تو ہائی ہیل پہن سکیں گی اور نہ ہی دوبارہ ڈانس کر سکیں گی۔ لیکن شالینی نے اس مشورے کو نظر انداز کیا اور اپنی ڈانس کلاس میں واپس چلی گئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے یوگا اور مسل ٹریننگ کے ذریعے اپنی ریڑھ کی ہڈی کو مضبوط بنایا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے ڈاکٹر آج بھی اسے ایک معجزہ قرار دیتے ہیں۔
اس سے قبل ایک ریڈٹ سیشن میں شالینی نے کم عمری میں شادی کے تجربے کو زندگی کو الٹ ترتیب سے جینے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب جب ان کا بیٹا کام کر رہا ہے اور گریجویٹ ہو چکا ہے، وہ خود کو ایک 16 سالہ لڑکی کی طرح محسوس کرتی ہیں، جو زندگی کے نئے تجربات کا سامنا کر رہی ہے۔