راولپنڈی: خالہ زاد بھائی کو قتل کرکے لاش کڑاہی میں جلانے والا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

ملزم نے خالہ زاد بھائی کو سستے پرائز بانڈذ کا جھانسہ دیکر گھر بلایا، لاش چربی پگھلانے والے کڑاہے میں ڈال کر جلائی


ویب ڈیسک January 12, 2025

راولپنڈی پولیس کی حراست سے ہتھکڑی سمیت فرار ہونے والا ملزم رات گئے پیرودھائی کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک جب کہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک ملزم نے خالہ زاد بھائی سے رقم ہتھیانے کیلئے اسے قتل کر کے لاش کو چربی کے کڑاہے میں جلایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم مہر علی تھانہ سٹی پولیس کی حراست سے فرار ہوا تھا، پولیس ٹیم ملزم مہر علی کو لیکر رقم کی ریکوری کے لیے لے جا رہی تھی کہ ملزم ہتھکڑی چھڑا کر فرار ہوا۔

بعدازاں ملزم اور اس کے ساتھیوں نے پیرودھائی کے علاقے میں اسنیپ چیکنگ کرنے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرار اختیار کیا۔

تاہم پولیس کے تعاقب پر ملزمان سے چھتی قبرستان کے قریب پھر سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس دوران ملزم ہلاک جبکہ اس کے 2 ساتھی موقعہ سے فرار ہوگئے۔

فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ہلاک ہونے والے ملزم نے چند روز قبل خالہ زاد بھائی محسن علی کو سستے پرائز بانڈ دینے کے بہانے اپنے گھر بلا کر اس سے 45 لاکھ روپے چھیننے کے بعد اسے ناصرف قتل کیا بلکہ انتہائی سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقتول کی لاش کو چربی پگھلانے والے کڑاہے ڈال کر اسے جلا دیا تھا۔

ملزم جانوروں کی باقیات سے چربی پگھلا کر اسے صابن بنانے والی فیکٹری کو سپلائی کرتا تھا۔

ملزم کے فرار ہونے پر غفلت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں سب انسپکٹر عرفان، کانسٹیبل فیصل، زمان شاہ اور ساحل ظفر کے خلاف محکمانہ کاروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں