پربھاس کی فلم "دی راجا صاحب" کی ریلیز کیوں ملتوی کردی گئی؟ وجہ سامنے آگئی
ممبئی: مشہور تلگو اداکار پربھاس کی آنے والی ہارر کامیڈی فلم "دی راجا صاحب" کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے۔
پہلے یہ فلم 10 اپریل 2025 کو ریلیز ہونے والی تھی، لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، فلم کی ریلیز کو آگے بڑھا دیا گیا ہے۔
فلم کے قریبی ذرائع کے مطابق، فلم مکمل ہونے میں مزید وقت لگے گا، جس کے باعث اسے شیڈول کے مطابق ریلیز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، فلم سازوں نے ریلیز کی نئی تاریخ کے بارے میں کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
فلم کے تخلیق کاروں نے اشارہ دیا ہے کہ سنکرانتی کے موقع پر پربھاس کے مداحوں کے لیے ایک خاص پوسٹر جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، نئی ریلیز کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی فلم کی پروموشن بھرپور انداز میں شروع کی جائے گی۔
فلم "دی راجا صاحب" میں پربھاس ڈبل رول ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی کہانی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی خاندانی جائیداد کو مالی بحران سے نکلنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، لیکن جلد ہی اسے پتہ چلتا ہے کہ حویلی میں "راجا صاحب" کے انتقامی روح" کا قبضہ ہے۔
فلم میں مالاویکا موہنن اپنے تلگو فلمی سفر کا آغاز کر رہی ہیں۔ دیگر کاسٹ میں ندھی اگروال، ردھی کمار، اور سنجے دت شامل ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری ماروتھی کر رہے ہیں اور اسے پیپل میڈیا فیکٹری کے بینر تلے پروڈیوس کیا جا رہا ہے۔