غزہ میں صیہونی بربریت کی انتہا شہادتوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی

اسرائیلی افواج گھروں کے بعد اب مساجد، اسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی آگ کے گولے برسا رہی ہیں


ویب ڈیسک July 25, 2014
اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ فوٹو؛ اے ایف پی

صیہونی افواج نے فضائی بمباری اور زمینی گولہ باری سے ہر طرف تباہی مچا دی ہے اور 18 روز سے جاری حملوں میں اب تک 800 سے زائد فلسطینی شہید جب کہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صیہونی افواج کی غزہ میں سفاکیت 18 ویں روز بھی جاری ہے اور تازہ ترین حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے ہیں صیہونی افواج کی جانب سے غزہ میں عام شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کے بعد اب مساجد، اسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی آگ کے گولے برسائے جا رہے ہیں جس میں اب شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 800 سے زائد جب کہ زخمیوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

مغربی پٹی میں رام اللہ کے علاقے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 نوجوان شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ گزشتہ روز بھی صیہونی افواج نے جبالیہ میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی چلنے والے پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 15 فراد شہید جب کہ 200 کے قریب زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یورپ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں سول سوسائٹی کی جانب سے مظاہرے کئے جا رہے ہیں لیکن اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کسی طریقے سے بھی اسرائیل کی بربریت کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں