حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت، تیسرا اجلاس طلب

جمعرات کو دن 11:30 بجے مذاکراتی کمیٹیوں کی بیٹھک ہوگی، پی ٹی آئی مطالبات تحریری صورت میں پیش کرے گی


وقاص احمد January 13, 2025
—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرلیا۔

اسپیکر ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس جمعرات کو صبح ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ میں ہوگا۔

پی ٹی آئی اجلاس میں تحریری مطالبات حکومتی نمائندوں کے سامنے پیش کرے گی جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں اجلاس ان کیمرہ ہوگا۔

اراکین کے اصرار پر حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے جس کے بعد اجلاس اب پندرہ جنوری کے بجائے سولہ جنوری کودن ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین کے اصرار پر تاریخ تبدیل کی۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کا مذاکراتی عمل سے متعلق رابطہ ہوا اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اسپیکر اسمبلی سے فونک رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسد قیصر اور اسپیکر کے درمیان مذاکرتی عمل پر مشاورت ہوئی، اسد قیصر اور اسپیکر قومی اسمبلی نے مذاکراتی نشست کے لئے تاریخ پر مشاورت بھی کی۔

اپوزیشن ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اپوزیشن کا اسپیکر سے پہلا باضابطہ رابطہ ہے، اپوزیشن کے رابطے کے بعد ہی اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے تحریری چاٹر آف ڈیمانڈ پیش کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دو دو ہوچکے ہیں، تین روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کا پیغام موصول ہونے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں سے گفتگو کی اور اُن کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے حوالے سے حکومت کو رضامند کیا۔

اسپیکر اسمبلی کی کاوشوں کے بعد پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے ایک روز قبل عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اور مذاکرات کے حوالے سے آگاہ بھی کیا۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے حکومت کو 9 مئی اور 26 نومبر واقعات کی جوڈیشل انکوائری کیلیے 31 جنوری تک کی ڈیڈ لائن دی اور کہا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر بات چیت ختم ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں