زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں آج ڈالر مزید کتنا مہنگا ہوا؟

بیرونی قرضوں اور سود کی مد میں ادائیگیوں اور درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے روپیہ دباؤ میں رہا


احتشام مفتی January 13, 2025

کراچی:

بیرونی قرضوں اور سود کی مد میں ادائیگیوں کے دباؤ اور درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے پیر کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ایک بار پھر روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا۔

فیوچر کاؤنٹر پر برآمدی ترسیلات بھنانے کے عوض پریمئیم میں کمی اور عالمی تحقیقی ادارے ٹریس مارک کی جانب سے آئندہ ایک ماہ میں ڈالر کی قدر تقریبا 1روپے بڑھنے کی پیشگوئی سے ایکسپورٹرز کی جانب سے اپنی ترسیلات بھنانے سے گریزاں نظر آئے جس سے سپلائی بھی متاثر ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران دسمبر میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے کی امید، سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی 3ارب 10کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہونے اور سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر کا حجم 35ارب ڈالر سے متجاوز ہونے کی امید کے باعث ایک موقع پر ڈالر کی قدر 11پیسے کی کمی سے 278روپے 46پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

بعدازاں کاروبار کے وسط میں ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوئی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 18پیسے کے اضافے سے 278 روپے 75پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 10پیسے کے اضافے سے 278روپے 67 پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 08پیسے کے اضافے سے 280روپے 48پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں