راولپنڈی:
تھانہ سول لائن کے علاقے جھنڈا چیچی میں سوتیلی ماں نے تشدد کرکے چار سالہ بیٹے کو قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مسماتہ شہناز بی بی نے بتایاکہ اس کی جھنڈا چیچی میں رہائش ہے، شادی پندرہ سال قبل محمد علی سے انجام پائی جس سے پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں، خاوند نے دو سال قبل مسماتہ اقصیٰ ناز سے دوسری شادی کرلی جس کا چھ ماہ کا بیٹا بھی ہے۔
ہم سب ایک ہی گھر رہتے ہیں، میری سوتن اکثر میرے بچوں کو مارا کرتی ہے، میں والدہ کے گھر سے واپس آئی جیٹھ شہزاد نذیر بھی ہمراہ تھا، دیکھا تو میری سوتن مسماتہ اقصیٰ ناز میرے چار سالہ بیٹے عبدالہادی کو ڈنڈوں سے جسم کے مختلف حصوں پر ماررہی تھی اور گلہ بھی دبایا، میں بمشکل بیٹے کو چھڑا کر جیٹھ کے ہمراہ اسپتال پہنچی تو بیٹا دم توڑ چکا تھا، میری سوتن اقصیٰ ناز نے میرے چار سالہ بیٹے کو قتل کرکے سخت زیادتی کی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اطلاع پر پولیس اسپتال پہنچی تو بچے کی گردن سمیت جسم کے مختلف حصوں پرنشانات و سوجن تھیں، پوسٹمارٹم کروا کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق 4 سالہ سوتیلے بیٹے کو تشدد کر کے قتل کرنے والی ملزمہ اقصیٰ ناز کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمہ سے میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔
معصوم بچے پر تشدد کر کے قتل کا واقعہ افسوسناک ہے، ملزمہ کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، بچوں اور خواتین پر تشدد ناقابل برداشت ہے، ملوث ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔