پشاور:
ٹل سے کرم کے لیے اشیائے خور و نوش کا دوسرا قافلہ روانہ ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں پارا چنار کے لیے دوسرا قافلہ روانہ کردیا گیا ہے۔ 45 سے 50 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ٹل سے پارا چنار پہنچے گا، جس میں ادویات، سبزیاں، فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹل سے کرم کے لیے 45 مال بردار گاڑیاں روانہ کی جائیں گی، جن میں اشیائے خور و نوش، ادویات سمیت سبزی اور پھل لے جایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ قافلہ لے جانے کے لیے راستے کے کلیئرنس ملتے ہی روانہ کردیا جائے گا۔
دوسری جانب قبائلی رہنما حاجی عابد کے مطابق مارکیٹ میں خوراک و ادویات سمیت تمام بازار بند ہو گئے ہیں اور لاکھوں آبادی کے لیے 40 ٹرک سامان ناکافی ہے۔ ضرورت کے مطابق سامان فراہم کیا جائے۔
علاوہ ازیں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما نے کہا کہ ادویات ختم ہونے کے باعث میڈیکل اسٹورز اور پرائیویٹ اسپتال بند ہوگئے ہیں۔ سماجی رہنما اسد اللہ کے مطابق سیکڑوں اوورسیز کے ویزے اور ٹکٹ راستوں کی بندش کی وجہ سے ضائع ہوگئے ہیں۔ اسی طرح طلبہ اپنے اداروں سے 3 ماہ سے غیر حاضر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش کے باعث علاقے سے باہر فوت ہونے والے 50 سے زائد مسافروں کو ہنگو اور دیگر علاقوں میں دفنا دیا گیا ہے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد نے بتایا کہ راستے کھولنے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔