اسلام آباد:
قومی اسمبلی میں وفاقی وزرا کی عدم حاضری پر حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی رولز میں بڑی ترمیم لے آئی۔
رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی رولز اینڈ بزنس میں ترمیم آج کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی آغا رفیع اللہ قومی اسمبلی رولزمیں ترمیم ایوان میں پیش کریں گے۔
پیپلز پارٹی نے رولز39میں ترمیم تجویز دی ہے، مجوزہ ترمیم کے تحت پارلیمنٹری سیکریٹریز کے اختیارات کو محدود کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت وفاقی کابینہ آرٹیکل 91کے تحت قومی اسمبلی کو جواب دہ ہوگی، وفاقی وزرا اپنے عہدے سے متعلق بنیادی ذمہ داریاں نمٹانے کے پابند ہوں گے۔
ترمیم کے تحت ہنگامی صورتحال میں اسپیکر کی پیشگی منظوری لینا لازمی ہوگی، پیشگی منظوری پرپارلیمنٹری سیکرٹری کو وزارت کے پارلیمانی امور سپرد کرنے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا 58 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا جس کے مطابق اجلاس میں 10بل پیش، 4 بلوں پر قانون سازی ہوگی۔
ایجنڈے کے تحت بین الاقوامی تعلیمی بورڈ بل 2024،اور واپڈا یونیورسٹی قیام بل کی منظوری لی جائے گی، زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل 2025,اسلام میں جہز کی ممانعت سے متعلق بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیے جائینگے۔
اس کے علاوہ قومی کمیشن برائے حقوق بچگان ترمیمی بل 2025,سی ڈی اے ترمیمی بل 2025بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔