لاہور:
شاہدرہ کے علاقے میں پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے جدید اسلحے کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے 42لاکھ روپے لوٹ لیے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ڈاکو پٹرول پمپ پر مینیجر اور ملازمین پر اسلحہ کے زور پر تشدد بھی کرتے رہے اور انہیں زمین پر بٹھا دیا۔ واردات کے دوران پٹرولنگ پولیس غائب رہی۔
واردات کے دوران ایک ڈاکو نے ہتھوڑے سے سیف توڑی جبکہ دو ڈاکوؤں نے ملازمین پر اسلحہ تان کر رکھا، شلوار قمیض میں ملبوس ڈاکو واردات کے بعد ہاتھوں میں بندوقیں تھامے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔
ڈاکو 42 لاکھ نقدی اور 4 موبائل فونز لوٹ کر لے گئے، چہرے واضح ہونے کے باوجود پولیس ڈاکوؤں کو تاحال پکڑ نہیں سکی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ کیشیئر عامر مغل کی مدعیت میں درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو کیمروں کی مدد سے تلاش کیا جا رہا ہے، سیف سٹی کے کچھ کیمرے خراب ہیں۔