شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کرکے چند دنوں بعد امریکی صدر کے عہدے کا حلف اُٹھانے والے ٹرمپ کو پیغام دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے سمندر میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امریکی نو منتخب ڈونلڈ ٹرمپ کی آنے والی انتظامیہ کے لیے ایک پیغام ہو سکتا ہے۔
بیلسٹک میزائل کا یہ تجربہ اس وقت ہوا جب جاپانی وزیرخارجہ تاکیشی ایویا جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں۔
جنوبی کوریا اور امریکا کے انٹیلی جنس حکام نے شمالی کوریا کی میزائل لانچنگ کی تیاریوں کا پہلے سے پتا لگالیا تھا ان کی نگرانی بھی کی۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ "مکمل تیاری" کو برقرار رکھے ہوئے ہے امریکا اور جاپان کے ساتھ معلومات کا اشتراک کر رہا ہے جبکہ مزید تجربات کے لیے نگرانی کو چوکس اور مضبوط بنا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے امریکا سمیت تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر شمالی کوریا کی اشتعال انگیزیوں کا مزید سخت جواب دیں گے۔