کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے گلابی رنگ کا ایک کیمیکل استعمال کیا جا رہا ہے تاہم ہر تدبیر ناکام ہوتی نظر آ رہی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لاس اینجلس کے آگ سے متاثرہ علاقے میں ہر جانب گلابی رنگ بکھرا ہوا ہے۔ جلے ہوئے مکانات، ویران علاقے اور تباہ حال گاڑیوں، سب ہی نے گلابی چادر اوڑھ رکھی ہے۔
یہ گلابی رنگ کی چادر دراصل ایک خاص قسم کے مرکب کی ہے جو تیزی سے پھیلتی جنگل کی آگ کی نمو کو روکنے کے کام آتی ہے۔
ایک ہفتے سے لگی آگ کو بجھانے کی کوشش میں لاس اینجلس کے جنگل میں ہزاروں گیلن فائر ریٹارڈنٹ گرائے گئے ہیں۔
جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال ہونے والا یہ ریٹارڈنٹ ایک پروڈکٹ ہے جسے Phos-Chek کہتے ہیں۔
اس کا پہلی بار استعمال 1963 میں ہوا تھا اور تب سے امریکا میں جنگل کی آگ بجھانے کے لیے بھی استعمال ہوتا آ رہا ہے۔
یہ پروڈکٹ بنانے والی کمپنی نے ماضی میں مشورہ دیا تھا کہ زمین یا اشیا پر گرے پاؤڈر کو فوری طور پر صاف کر دینا چاہیئے کیوں کہ یہ جتنا خشک ہوتا جائے گا اتنا ہی اسے ہٹانا مشکل ہوگا۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ اس پروڈکٹ کا صحیح فارمولہ عوام کے علم میں نہیں لیکن کمپنی نے پچھلی فائلنگ میں بتایا تھا کہ اس میں 80% پانی، 14% کھاد کی قسم کے نمکیات، 6% کلرنگ ایجنٹ اور سنکنرن روکنے والے اجزا شامل ہیں۔
جہاں تک اس کے رنگ کا تعلق ہے، کمپنی نے بتایا کہ یہ پائلٹوں اور فائر فائٹرز کے لیے یکساں طور پر انتباہ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے اور اسے دیکھ کر یہ اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس علاقے میں آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یو ایس فاریسٹ سروس کے مطابق یہ ریٹارڈنٹ آگ کو مزید وسیع پیمانے پر پھیلنے اور اسے ٹھنڈا کرنے کا کام کرتے ہیں۔