پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس ملنے کا تا حال انتظار ہے۔ بورڈ کو یہ رپورٹس رواں ہفتے ملنے کا امکان ہے۔
پی سی بی ذرائع نے صائم ایوب کی رپورٹس منگل تک موصول نہ ہونے کی تصدیق کی ہے جس کی وجہ سے ابھی تک ان کی ریکوری کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پی سی بی حکام کو یقین ہے کہ رواں ہفتے ہی صائم ایوب کی انجری کی نوعیت اور مکمل تشخیص کا علم ہوجائے گا۔
لندن میں زیر علاج صائم ایوب کا ری ہیب ابھی طے ہونا باقی ہے۔ ڈاکٹرز کی مشاورت سے ہی اس بات کا تعین ہوسکے گا کہ صائم ایوب کا ری ہیب لندن میں ہوگا یا پھر وہ لاہور واپس آکر پی سی بی میڈیکل پینل کی نگرانی میں ریکوری پریڈ مکمل کریں گے۔
البتہ، اس بات کے اشارے ضرور ملے ہیں کہ صائم ایوب کی انجری زیادہ پچیدہ نہیں،وہ ری ہیب پلان پر پوری طرح عمل درآمد کرکے جلد صحت یاب ہوسکتے ہیں۔تاہم، اصل صورتحال ڈاکٹرز کی جانب سے رپورٹس اور ایڈوانس پر ہی پتہ چلے گی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاون ٹیسٹ کے پہلے روز صائم ایوب کا فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں پاوں کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔ ڈاکٹر نے ابتدائی تشخیص میں صائم ایوب کو چھ ہفتے کا آرام تجویز کیا تھا۔