کویت کے سابق وزیرِ داخلہ اور دفاع شیخ طلال الخالد کو دونوں وزارتوں میں کرپشن کے دو الگ الگ کیسز میں مجموعی طور پر 14 سال قید اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق وزیر پر دونوں وزارتوں کے بجٹ میں غبن کے الزامات پر داخلہ اور دفاع کے دو الگ الگ مقدمات تھے۔
وزارت دفاع کے بجٹ میں غبن پر شیخ طلال الخالد کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ 5 لاکھ کویتی دینار کے ساتھ اضافی ایک ملین کویتی ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔
وزارت داخلہ سے متعلق کیس میں شیخ طلال کو مزید 7 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی اور 19 ملین کویتی دینار جرمانہ عائد کیا گیا۔
ان کیسز میں شیخ الخالد کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نا اہل بھی قرار دیدیا گیا۔ عدالت نے کرپشن کی رقوم کی واپسی اور کیس سے منسلک گاڑیاں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔
ایک اور شریک ملزم کو، جس کی شناخت ایک غیر ملکی کے طور پر ہوئی ہے، 4 سال قید کی سزا اور 2 لاکھ 94 ہزار کویتی دینار کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
قید و جرمانے کی سزا مکمل ہونے کے بعد اسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق کویتی وزیر شیخ طلال الخالد نے غبن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔