کراچی؛ بند گھر سے 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیوارت اور نقدی چوری
لائنز ایریا میں بند گھر سے چور 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیوارت اور نقدی چوری کر کے لے گئے، واقعے کے وقت گھر والے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا ٹونیشیا لائن سابقہ میکرو سپر اسٹور کے عقب والی گلی واٹر گراؤنڈ کے سامنے والے گھر سے ڈاکو 70 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقد رقم چوری کر کے لے گئے۔
پولیس اور فارنزک ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے۔
گھر کے مالک شجاع الدین کے بیٹے سلمان نے بتایا کہ ان کے گھر کے قریب رہائش پذیر کزن کی شادی کی تقریب تھی جس میں شرکت کے لیے رات تقریباً 10 بجے تمام گھر والے گھر کو تالا لگا کر گئے تھے۔ رات ڈیڑھ بجے جب شادی کی تقریب سے واپس آئے تو گھر اور اندر موجود تمام الماریوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے، دیکھنے پر معلوم ہوا کہ الماریوں کی تجوری میں رکھے طلائی زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان غائب تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 16 تولے کے طلائی زیورات، 32 لاکھ روپے نقدی اور دیگر سامان گھر سے غائب ہے جبکہ مزید دیکھنے پر معلوم ہوگا کہ کیا کیا سامان چوری ہوا ہے۔
گھر کے مالک کے بیٹے نے بتایا کہ رقم اور طلائی زیورات بینک کے لاکرز میں رکھے ہوئے تھے تاہم انہوں نے گھر خریدنے کے لیے رکھی رقم اور طلائی زیورات لاکرز سے نکالے تھے، دو تین دن میں نئے گھر کے پیسے ادا کرنے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی باضابطہ رپورٹ درج نہیں کروائی گئی، رپورٹ درج کرانے پر مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش کی جائے گی۔