حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے بجلی ٹیرف کے تعین کے لیے سالانہ ری بیسنگ کی سمری منظور کر لی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جہاں فیصلہ کیا گیا کہ ری بیسنگ کے لیے نیپرا کو سالانہ پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
اجلاس کے حوالے سے بتایا گیا کہ ای سی سی نے ٹیرف کی ری بیسنگ کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے کرنے کی ہدایت کردی ہے، پاور ڈویژن پالیسی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے لیے نیپرا سے رجوع کرے گی۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت خارجہ کے لیے 9 کروڑ روپے سے زیادہ کی تکنیکی گرانٹ منظور کر لی گئی، رقم پی اے ایف اور پی آئی اے کو آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لیے دی جائے گی۔
وزیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں ایف سی نارتھ کی آپریشنل ضروریات کےلیے 94 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ گوادر بندر گارہ کے ذریعے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو حاصل بینک گارنٹی واپس لینے کی منظوری دے دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں نیشنل فوڈ سیفٹی پلانٹ ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے فنڈز اور اتھارٹی کےقیام کے لیے 91 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی۔
اجلاس میں اسٹیل ملز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 93 کروڑکی گرانٹ منظور بھی دی گئی، یہ فنڈز پہلے سے منظور شدہ 3.5 ارب روپے میں سے فراہم کیے جائیں گے۔