کراچی:
منگھوپیر پولیس نے نوعمر لڑکی کو مبینہ طور زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے جاری اعلامیے کے مطابق منگھوپیر پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر 14 سالہ معصوم بچی سے زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم صفدر خان ولد بختیار خان کو گرفتار کرلیا۔
ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ بچی کے والد نے میری والدہ کو بہن بنایا ہوا تھا، بچی کا والد اپنی بیٹی کو میری والدہ کے پاس چھوڑ کر گیا تھا میں نے 8/10 دن قبل موقع ملنے پر بچی کو گھر سے باہر لے جاکر اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور بچی کے اصرار پر میں خود بچی کو اس کے چچا کے گھر چھوڑ کر آیا تھا، واقعہ کی خبر سوشل میڈیا پر آنے کی وجہ سے موبائل فون بند کر کے فرار ہوگیا تھا۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کی اطلاع جمعرات کو متاثرہ لڑکی کی والدہ نے منگھوپیر پولیس کو دی تھی جبکہ انہی کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ، پولیس نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔