پہلا کام 100 روپے کا ملا، خوشی سے سڑکوں پر ناچ رہی تھی، ارچنا پورن سنگھ کا انکشاف
ممبئی : معروف اداکارہ اور دی گریٹ انڈین کپل شو کی جج ارچنا پورن سنگھ نے اپنی ابتدائی جدوجہد کی کہانی مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
اپنے حالیہ وی لاگ میں، انہوں نے بتایا کہ وہ دہرادون سے ایک سوٹ کیس اور جعلی خط کے ساتھ ممبئی آئی تھیں تاکہ شہر میں رہائش حاصل کر سکیں۔
ارچنا نے بتایا، "میں نے اپنے دوست سے ایک جعلی خط لیا تھا اور اسی کے ذریعے رہنے کی جگہ ڈھونڈی۔ صبح کا ناشتہ کرتے ہی مجھے وہاں سے نکلنا پڑتا تھا کیونکہ لوگ سمجھتے تھے کہ میں کہیں کام پر جاتی ہوں۔ لیکن درحقیقت میں آڈیشنز دینے کے لیے نکلتی تھی۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا پہلا کام ایک اشتہار میں بطور جونیئر آرٹسٹ تھا، جہاں وہ اوم پوری کے ساتھ تھیں۔ اس کام کے لیے انہیں صرف 100 روپے ملے، لیکن اس چھوٹے سے معاوضے نے انہیں بےحد خوشی دی۔
ارچنا نے ہنستے ہوئے کہا، "میں نے 100 روپے کا چیک لیا اور خوشی سے تارڈیو کی سڑکوں پر ناچ رہی تھی۔"
کچھ سال بعد، انہیں ایک فلم میں اوم پوری کے ساتھ بطور ہیروئن کام کرنے کا موقع ملا، لیکن بدقسمتی سے وہ فلم ریلیز نہیں ہو سکی۔
دی گریٹ انڈین کپل شو پر 2019 سے اپنی موجودگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ارچنا نے کہا کہ انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو کی جگہ جج کا کردار سنبھالا اور تب سے وہ اپنی مزاحیہ باتوں اور دلچسپ انداز سے مداحوں کے دل جیت رہی ہیں۔
ارچنا اپنے شوہر پرمیٹ سیٹھی اور دو بیٹوں، آریامن اور آیوشمان کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔ یہ خاندان اکثر اپنے مداحوں کے ساتھ دل کو چھو لینے والے لمحات شیئر کرتا ہے۔