پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج؛ ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

30 ملزمان کے خلاف تھانہ رمنا میں درج مقدمے کی سماعت ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں ہوئی


ویب ڈیسک January 18, 2025

اسلام آباد:

پی ٹی آئی کے 26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد میں 26  نومبر پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے تھانہ رمنا میں  گرفتار 30 ملزمان  کی بعدازگرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی، جس میں ملزمان کے وکیل انصر کیانی اور پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ  پیش  ہوئے۔

دورانِ سماعت وکیل نے بتایا کہ اس کیس میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہے جس کا مقدمہ اسپیشل آفیسر ہی درج کرا سکتا ہے۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا، جس میں کہا گیا ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتا ہوں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ سیکشن سیون تب لاگو ہو گا، جب آپ این او سی کے لیے اپلائی کریں گے، جس پر وکیل نے بتایا کہ اس سیکشن کا ممبر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہے۔

جج نے استفسار کیا کہ یہ ملزم کب سے اندر ہے،دفعہ 188 کی سزا کتنی ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ دفعہ 188 کی سزا ایک ماہ ہے،یہ 26 نومبر کو جیل گیا تھا۔

جج نے کہا کہ اگر ایک ماہ سزا ہے تو ضمانت آپ کو دیتا ہوں لیکن اس میں ترمیم ہوئی ہے۔ وکیل نے کہا کہ ایسی کوئی ترمیم موجود نہیں اور اس کی سزا ایک ماہ کی ہے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دفعہ 144 نافذ تھی اور اسٹیٹ کو اس حوالے سے دھمکیاں بھی ملی تھیں۔ یہ اس وقت احتجاج کر رہے تھے جب دوسرے ملک کا وزیراعظم پاکستان آیا ہوا تھا۔

بعد ازاں  عدالت نے ملزمان کی بعدازگرفتاری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں