سردی کے دلدادہ افراد کے لیے خوشی کی خبر؛ بادل کہاں برسیں گے؟

بادلوں کا سسٹم پاکستان میں آج داخل ہوگا جو 20 جنوری تک ملک میں رہے گا، محکمہ موسمیات

لاہور:

سردی کے دلدادہ افراد  کے لیے اچھی خبر ہے کہ جلد ہی بیشتر علاقوں میں بادل چھائیں گے، جس سے سرد موسم کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔
 

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والا بادلوں کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا جو 20 جنوری تک پاکستان میں رہے گا اور اس دوران سرد موسم کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں  سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ رہے گا جب کہ بادلوں کا سسٹم  داخل ہونے سے  پنڈی ڈویژن کے اضلاع میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔

اسی طرح لاہور میں بادل رہیں گے لیکن بارش کے امکانات کم ہیں۔ آج صوبائی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے 17ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج 18 جنوری سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ 21 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ سمیت مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری متوقع ہے۔

Load Next Story