سندھ حکومت کا کراچی میں جدید میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان
سندھ حکومت نے کراچی میں جدید میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان سندھ حکومت مصطفیٰ عبداللہ بلوچ کا کہنا ہے کہ تاریخ اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لئے میڈیا یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر میڈیا یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو منصوبے کے آغاز کی ہدایت دی ہے، میڈیا یونیورسٹی کے ذریعے سندھ کی تاریخی و ثقافتی میراث کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔
مصطفیٰ عبداللہ بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت کا میڈیا تعلیم، تحقیق اور جدت کے فروغ کے لیے عالمی معیار کا ادارہ بنائے گی، سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کئے منصوبے مکمل کیے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا یونیورسٹی عوامی و نجی شراکت داری کے تحت قائم کی جائے گی جو سندھ کے عوام کے لیے ترقی، تخلیق اور ثقافتی فخر کا نیا مرکز ہوگی۔