ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حکومت کے ریونیو میں 207 ارب روپے کا اضافہ
وفاقی حکومت کے ریونیو میں ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ایک دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے سال 2023-24 میں 577 ارب روپے جمع کیے ہیں، اس طرح حکومت کے ریونیو میں ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق سگریٹس، سیمنٹ، مشروبات، ایئر ٹکٹ، کھاد پر ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح پیٹرولیم ، دودھ، کریم، جوسز، سیرپ، الکوحل سے بھی ٹیکس وصولی بڑھی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 56 فیصد زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول کی گئی ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹس پر ڈیوٹی 95 ارب اضافے سے 237 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسی طرح سیمنٹ پر پہلے کے مقابلے میں 11.32 ارب زیادہ وصول کیے گئے جو مجموعی طور پر 77 ارب 71 کروڑ کی وصولی بنتی ہے۔
سوڈا واٹر مشروبات پر ٹیکس وصولی 113 فیصد اضافے سے 36.50 ارب، فضائی ٹکٹ پر ٹیکس وصولی 7.22 ارب اضافےسے 47 ارب، کھاد پر ایک سال میں 29 ارب روپے سے زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول کی گئی۔
اسی طرح دودھ اور کریم کے استعمال میں اضافہ ہونے سے ایکسائز ڈیوٹی ریونیو 5 ارب وصول کیا گیا۔