بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی جانب سے سرفراز خان پر خبریں لیک کرنے کا الزام عائد کرنے پر ہربھجن سنگھ کے بعد پاکستانی بلے باز باسط علی نے بھی ہیڈ کوچ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایک خبر رساں ادارے کے مطابق سابق ٹیسٹ کھلاڑی باسط علی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کو مشورہ دیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تمام مسائل کو نمٹا لیں۔ ایسی رپورٹس بھارتی کرکٹ کو نقصان پہنچائیں گی۔
باسط علی کا کہنا تھا کہ سرفراز خان کو ڈریسنگ روم کی باتیں لیک ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا اور ریویو میٹنگ کی گفتگو بھی باہر آگئی۔ یہ بھارتی ٹیم کے لیے اچھا نہیں ہے، یہ ٹیم کی یکجہتی کو متاثر کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ الزام تراشیوں کا سلسلہ نہیں ہونا چاہیئے اور گوتم گمبھیر کو یہ سب روکنے میں کردار ادا کرنا چاہیئے۔ کپتان، کوچ، چیف سلیکٹر اور بی سی سی آئی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سرفراز خان نہیں تھا۔
باسط علی نے مزید کہا کہ بھارت کو انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز جیتنی ہوگی۔ اگر آپ انگلینڈ کے خلاف جیتتے ہیں تو چیمپئنز ٹرافی کے لیے بہتر ہوگا ورنہ شکست کی صورت میں اعتماد نیچے گر جائے گا۔