بھارت میں 6 سالہ بچے کے گردے کامیاب آٹو ٹرانسپلانٹ

مریض کو ازبکستان میں ناکام کیموتھراپی کے بعد بھارت لایا گیا تھا

نئی دہلی کے ایک نجی ہیلتھ کیئر سینٹر نے بائیلیٹرل ولمز ٹیومر (بچوں کو متاثر کرنے والا نایاب گردوں کے کینسر) میں مبتلا 6 سالہ ازبک بچے کے گردے کا کامیاب آٹو ٹرانسپلانٹ کیا ہے۔

تشویش ناک حالت میں مبتلا مریض (جس کے دونوں گردے متاثر تھے) ازبکستان میں ناکام کیموتھراپی کے بعد بھارت لایا گیا تھا۔

بچے کا علاج فورٹیس ایسکارٹس، اوکھلا میں کیا گیا، جہاں ڈاکٹر پریش جین اور ان کی ٹیم نے آٹھ گھنٹے طویل سرجری کی جس کے بعد بچہ اب تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ طبی معائنے سے علم ہوا کہ دونوں گردوں میں ٹیومر ہے اور بایاں گردہ زیادہ متاثر ہے۔ اگست 2024 میں سرجیکل ٹیم نے دائیں گردے سے بڑھا ہوا لِمف نوڈ ہٹا یا اور بائیں گردے کی بائپسی کی۔

نومبر میں فورٹس ایسکورٹس واپس آنے سے قبل مریض کی ازبکستان میں کیموتھراپی کی گئی۔ پی ای ٹی-سی ٹی اسکین میں دائیں گردے کو کینسر سے پاک پایا گیا جبکہ بائیں گردے پر ایک چھوٹا سا ٹیومر دیکھا گیا۔

ٹیم نے پیٹ کے نچلے حصے پر چیرا لگا کر گردہ باہر نکالا، ٹیومر صاف کیا، خون کی شریانیں اور پیشاب کی نالیاں پھر بنائیں اور کینسر سے پاک گردہ واپس لگا دیا۔ اب مریض بغیر کسی مسئلے کے صحتیاب ہو رہا ہے۔

Load Next Story