گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کل ہوگا
پاکستانی ہوابازی کی صنعت میں ایک اور سنگ میل،گوادرکے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کل کو ہوگا،پہلی پرواز کراچی سے آپریٹ کی جائے گی،پہلی پرواز کا استقبال واٹر سیلیوٹ سے کیا جائے گا۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کل سے آپریشنل ہوگا، تاریخی موقع پر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے) کی گوادر کے لیے پہلی پرواز پی کے 503 کراچی سے روانہ ہوگی، جس کو رن وے پر اترتے ہی واٹر سیلیوٹ دیا جائےگا۔
افتتاحی تقریب میں مسافروں کا استقبال متوقع طور پر وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف کریں گے،تقریب میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل،وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری ایوی ایشن احسن علی منگی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی،ائیر وائس مارشل ذیشان سعید،ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار اورڈائریکٹر جنرل ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس میجر جنرل عدنان آصف شاد شریک ہوں گے۔
وفاقی و صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شرکت کریں گے، گوادر پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ ائیرپورٹ ہے،گوادر ائیر پورٹ پر بڑی گنجائش کے حامل ائیر بس 380 بھی لینڈ کرسکیں گے۔
گوادر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر کا آغاز سن 2019 میں کیا گیا تھا،گذشتہ سال (2024) کے نومبر میں منصوبہ تکمیل کو پہنچا،گوادر ائیرپورٹ پر 50 ارب روپے(بشمول چینی گرانٹ) کی خطیررقم خرچ ہوئی ہے،غیرمعمولی گنجائش کے حامل ائیرپورٹ کے ذریعے یومیہ بنیاد پر50 سے زائد ائیرلائنوں کو ایندھن اور کارگو کی سہولیات مہیا کی جاسکیں گی۔