کراچی میں 24 جنوری سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی

بلوچستان کے راستے داخل ہونے والے نئے مغربی سلسلے کے زیراثر سندھ کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت بڑھے گی، محکمہ موسمیات


اسٹاف رپورٹر January 19, 2025
فوٹو:فائل

کراچی:

شہر میں بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،اتوار کوکم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا، پیر کو پارہ سنگل ڈیجیٹ(9 ڈگری)ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ منگل کو تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، 24 جنوری سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ 

بلوچستان میں چندروز قبل داخل ہونے والے کمزور شدت کے مغربی سلسلے جبکہ ہفتے کی شب داخل ہونے والے نئے طاقتور مغربی سسٹم کے زیر اثر اتوارکی صبح شہر میں یخ بستہ ہوائیں چلنے کے نتیجے میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔

صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں 4.3 ڈگری کمی سے 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،سرد ہوائیں چلنے کے سبب سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زائد محسوس کی گئی،اتوار کی صبح دھند چھانے کی وجہ سے حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر ڈھائی کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی  پیش گوئی کے مطابق پیرکو کم سے کم پارہ دوبارہ سنگل ڈیجیٹ میں 9 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، جبکہ آئندہ کئی روز تک شہر میں شمال مشرقی/ مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے،اس دوران موسم خشک/ راتیں خنک رہنے کا امکان ہے۔

منگل کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر تک تجاوز کرسکتی ہے، تیز ہواوں کے سبب شہر کا مجموعی درجہ حرارت (صبح و شام) گرنے کا امکان ہے۔

صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد جبکہ تھرپارکر،لاڑکانہ اور عمر کوٹ میں انتہائی سرد رہ سکتا ہے، بالائی اور وسطی اضلاع میں صبح کے وقت دھند چھانے اور حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گذشتہ روز بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے والے نئے مغربی سلسلے کے زیراثر 24 جنوری سے شہر میں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں