ریاض : بالی ووڈ کے ’گریگ گاڈ‘ ہریتھک روشن نے اپنی اداکاری کے 25 سال مکمل ہونے پر اپنی جدوجہد اور ترقی پر روشنی ڈالی۔
معروف اداکار کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ جوائے ایوارڈز کی تقریب میں فلمی صنعت میں ان کی بے پناہ خدمات پر اعزاز دیا گیا۔
جوائے ایوارڈز کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ہریتھک روشن نے کہا، ’’یہ ایک شاندار لمحہ ہے۔ میں یہاں ایوارڈ پیش کرنے آیا تھا، لیکن آپ سب کا شکریہ کہ مجھے یہ اعزاز دیا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کی بصیرت کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے ہمیں اس شاندار شام کا حصہ بنایا۔‘‘
اپنے سفر پر تبصرہ کرتے ہوئے ہریتھک نے کہا، ’’یہ 25 سال طویل محسوس ہوتے ہیں، لیکن مجھے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ اداکاری کو سمجھنے میں مجھے اتنا وقت لگا۔ میں ابھی اداکاری کے سفر میں پرواز کے لیے تیار محسوس کر رہا ہوں۔ یہ ایوارڈ میرے دل میں موجود امید اور اگلے 25 سال کے عزم کی علامت ہے۔‘‘
ہریتھک روشن نے 2000 میں فلم "کہو نہ پیار ہے" سے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا، جس کی ہدایتکاری ان کے والد راکیش روشن نے کی تھی۔ یہ فلم ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی اور ہریتھک نے بہترین اداکار اور بہترین ڈیبیو کے لیے فلم فیئر ایوارڈز حاصل کیے۔
ہریتھک روشن کی آنے والی بڑی فلم "وار 2" ہے، جس میں وہ کیارا اڈوانی، انیل کپور، اور جونیئر این ٹی آر کے ساتھ نظر آئیں گے۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی یہ ایکشن تھرلر فلم اگست 2025 میں ریلیز ہوگی۔ مزید یہ کہ ہریتھک فلم "الفا" میں بھی ایک مختصر کردار نبھائیں گے، جس میں عالیہ بھٹ اور شرواری واگ اہم کردار ادا کریں گی۔