ٹرمپ کے بعد ان کی اہلیہ میلانیا نے بھی اپنی کرپٹو کرنسی متعارف کرا دی

میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر کی تقریب حلف برداری پر کرپٹو کرنسی کا افتتاح کردیا

میلانیا ٹرمپ نے کرپٹوکرنسی کا افتتاح اپنے شوہر کی تقریب حلف برداری سے کچھ دیر قبل کیا

اپنے شوہر کے امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے موقع پر میلانیا ٹرمپ نے اپنی کریٹو کرنسی متعارف کرا کر سب کو حیران کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کرپٹوکرنسی متعارف کرانے کو ابھی ایک دن بھی گزرا تھا کہ ان کی اہلیہ بھی ان کے مقابلے میں آگئیں۔

کل سے امریکا کی خاتون اوّل ہونے والی میلانیا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرپٹوکرنسی لانچ کرنے سے متعلق بتایا۔

"آفیشل میلانیا میم" کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ یہ ایک کرپٹو کرنسی ہے جسے سولانا بلاکچین پر بنایا اور ٹریک کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کوائن مارکیٹ کیپ ویب سائٹ کے مطابق ٹرمپ کی میم کوائن کی کُل مارکیٹ کی قیمت تقریباً 12 ارب ڈالرز ہے جب کہ میلانیا کی میم کوائن 1.7 بلین ڈالرز کے قریب ہے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ نے پہلے کرپٹو کرنسی کو ایک فراڈ اور جعل سازی قرار دیا تھا لیکن 2024 کی انتخابی مہم کے دوران ڈیجیٹل اثاثوں کو بطور عطیہ قبول کرنے والے پہلے صدارتی امیدوار بن گئے تھے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایک اسٹریٹجک بٹ کوائن کا ذخیرہ بنائیں گے اور مالیاتی ریگولیٹرز کو مقرر کریں گے جو ڈیجیٹل اثاثوں کی طرف زیادہ مثبت موقف اختیار کریں گے۔

کرپٹو ٹریڈنگ پلیٹ فارم ’’کوائن بیس‘‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد بٹ کوائن ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی اور اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

 

 

 

Load Next Story