کمسن بچوں سے زیادتی، اغوا کیس میں گرفتار پولیس افسر کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
کمسن بچوں سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے کیس میں گرفتار اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر صہیب علی پاشا کو مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں کمسن بچوں سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے کیس کی سماعت ہوئی، گرفتار اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر صہیب علی پاشا کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ تھانہ ایف آئی اے احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے ملزم کے مزید 05 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم نے دوران تفتیش کمسن بچوں کو حراست میں رکھنے کا انکشاف کیا ہے، ملزم نے کہا بچوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا مگر تھانے کے اندر ہی رکھا، مزید تفتیش ابھی کرنی ہے اس لئے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے ملزم کا 02 روزہ مزید جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
ملزم کیخلاف ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی دیگر دفعات کے تحت ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے۔