اسلام آباد ہائیکورٹ؛ چیئرمین پی اے آر سی کو عہدے سے ہٹانے کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل
چیئرمین پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کا سنگل بینچ کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی کو عہدے پر بحال کر دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس پر مشتمل بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ عہدے سے ہٹائے گئے ڈاکٹر غلام محمد علی کی جانب سے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں؛ چیئرمین پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تعیناتی کالعدم قرار
انٹرا کورٹ اپیل میں موقف تھا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ ڈاکٹر غلام علی نے انٹراکورٹ اپیل میں سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرکے عہدے پر بحال کرنے کی استدعا کی ہے۔
سنگل بینچ جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی اے آر سی کو چارج چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے 15 مارچ 2024 کا آفس میمورنڈم کالعدم قرار دے دیا تھا۔
سنگل بینچ نے قانونی تقاضے پورے کرکے نیا چیئرمین پی اے آر سی تعینات کرنے کی ہدایت کی تھی۔