لاہور:
عدالت نے غیر قانونی بھرتی کیس میں پرویز الٰہی سمیت تمام ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔
پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں ہوئی، جس میں عدالت نے دیگر ملزمان کی حاضری لگاتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان حاضر ہوں تاکہ فرد جرم کی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
دورانِ سماعت وکیل محمد خان بھٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ میرا نام پی سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔