کراچی: اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان نے ٹیلر ماسٹر کو قتل کردیا

پولیس نے قتل کو جائیداد تنازع کا شاخسانہ قرار دے دیا

(فوٹو: فائل)

کراچی:

اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ٹیلر ماسٹر جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مومن آباد تھانے کے علاقےاورنگی ٹاؤن مومن آباد بلاک اے محمد حسین اسکول کے قریب موٹرسائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیا اورفرارہوگئے، واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کے لیےعباسی شہید اسپتال منتقل کیا، مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد صدیق ولد میرحاتم کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ اومومن آباد غلام نبی کے مطابق مقتول محمد صدیق مومن آباد کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ٹیلرماسٹرتھا، مقتول کی مومن آباد ٹیلر گلی میں ٹیلر کی دکان تھی، ابتدائی تفتیش کے دوران فائرنگ کا واقعہ جائیداد کا تنازع معلوم ہوتا ہے، مقتول کا اپنے بھائیوں سے عدالت میں جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، مقتول کی والدہ کی مدعیت میں 2 مقدمات بھی تھانے میں درج ہیں جبکہ سال 2022 میں مقتول کا بھانجا فدا حسین بھی جائیداد کے تنازع میں مارا گیا تھا۔

 انہوں نے بتایا کہ مقتول کو جسم پردو گولیاں لگی ہیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں، پولیس کوجائے وقوعہ سے تیس بورپستول کے 2 خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنے تحویل میں لے لیا، واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

Load Next Story