کراچی:
حکومت سندھ نے جلد ہی ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس لانچ کرنے اور ریگیولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا ہے اور صوبے کے بڑے شہری اور دیہی علاقوں میں ایک مضبوط ای وی چارجنگ نیٹ ورک قائم کرنے کے منصوبوں پر غور شروع کردیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جہاں انہوں نے ای وی ٹیکسیز لانچ کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جدید ماحول دوست ٹرانسپورٹ متعارف کرانا اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنز کی نگرانی اور ان کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک ریگیولیٹری ادارہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ٹیکسی فلیٹ کی مؤثرنگرانی اور انتظام کرنے کے لیے ایک سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تیار کیا جائے گا، ای وی ٹیکسیز میں انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز، جدید ادائیگی کے نظام اور جدید ترین سیکیورٹی سسٹم نصب کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ای وی چارجنگ نیٹ ورک کا بنیادی ڈھانچہ ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشن اور ترقی میں معاونت کے لیے اہم ہوگا اورای وی ٹیکسی سروس سندھ میں جدید ترین ماحول دوست ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ماحولیات کو تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی کاروباروں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ای وی ٹیکسی کی تیاری میں تیزی لائی جائے، تمام ضروری انفرا اسٹرکچر، قانونی فریم ورک اور سرمایہ کاروں کی سہولت یقینی بنایا جائے۔