آئی سی سی چیئر مین جے شاہ کی اہم شخصیت سے ملاقات
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئر مین جے شاہ نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس بیک سے ملاقات کی ہے۔
سوئٹزر لینڈ کے شہر لوزان میں دونوں عہدے داران کے درمیان یہ ملاقات 30 جنوری کو ہونے والے آئی او سی کے سیشن سے قبل ہوئی ہے۔ جس کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ پہلے سے طے شدہ تھی۔
آئی سی سی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کا مومینٹم جاری ہے اور اس حوالے سے جے شا کی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیک سے لوزان میں اس ہفتے ملاقات ہوئی ہے۔
گزشتہ ماہ برسبین کے دورے پر جے شاہ نے 2032 کے اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کے حوالے سے بات کی تھی۔
بارڈر گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے دوران برسبین میں جے شاہ نے 2032 برسبین اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی ہیڈ سنڈی کُک اور کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نِک ہوکلے سے ملاقات کی تھی۔