کیا بانی پی ٹی آئی اس مقدمے میں بے گناہ ہیں، آئیں کیس کے واقعات اور حقائق کا جائزہ لیتے ہیں۔ پورے ملک میں یہ تاثر عام تھا کہ بانی پی ٹی آئی شاید دولت مندوں کے قابو نہ آسکیں۔ مگر کچھ عرصے بعد باتیں نکلنا شروع ہو گئیں کہ بانی پی ٹی آئی کے بڑے بڑے جلسوں کا خرچہ ان کی پارٹی میں شامل ’’اے ٹی ایم‘‘ مشینیں اٹھا رہا رہی ہیں۔ اورپھر سب کو معلوم ہوگیا کہ بانی پی ٹی آئی کا بھی دولت سے ویسا ہی تعلق بن چکا ہے جیسا دوسرے سیاستدانوں کا ہے۔
القادر یونیورسٹی اور 190 ملین پونڈ کا کیس بھی اس زمرے میں ہی آتا ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع ہو تی اور اسے عوام کے لیے استعمال کیا جاتا۔ ایسے معاملات کے لیے ’’ایماندار وزیراعظم‘‘ نے شہزاد اکبر جیسا مشکوک کردار کا حامل رکھا ہوا تھا۔
ویسے ان کے زیادہ تر مشیر ایسی ہی شہرت رکھتے تھے۔ شہزاد اکبر برطانیہ سے آیا ہوا خط لے کر بانی پی ٹی آئی سے ملا اور دونوں کے درمیان تبادلۂ خیال ہوا کہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے یا اس کا کوئی ’’بہتر‘‘ استعمال کیا جائے۔ اتفاقِ رائے ہوگیا مگر ایک رکاوٹ آن پڑی۔ اس کے لیے کا بینہ کی منظوری ضروری تھی۔ چنانچہ کابینہ سے منظوری کی کوشش ہوئی مگر کیبنٹ میٹنگ میں شیریں مزاری صاحبہ بول پڑیں اور ان کی مخالفت کی وجہ سے منظوری نہ ہو سکی۔
اگر بانی پی ٹی آئی معصوم ہوتے اور ایماندار ہوتے تو شیریں مزاری کی بات مان لیتے اور یہ پیسہ قومی خزانے میں جمع کرا دیتے۔مگر ان کے ذہن میں فوائد تلملا رہے تھے۔یقینا گھر میں بھی مشاورت ہوئی ہوگی اور وہاں سے بھی دباؤ ہو گا، دیگر بہت سی چیزیں ذھن میں آئی ہوںگی۔ چنانچہ بانی پی ٹی آئی نے ہمت نہ ہاری اور دوبارہ کابینہ سے منظور کرانے کی کوشش کی۔ دوسری بار کوشش ہوئی اور لفافہ دکھایا گیا مگر کھولا نہیں گیا۔
ایک دو وزیروں نے پھر کہا کہ ’’سر! آپ ہم سے جس چیز کی منظوری لے رہے ہیں،وہ ہمیں بتا تو دیں کہ وہ ہے کیا؟‘‘ اس پر انھوں نے کہاکہ آپ یہ مت پوچھیں۔ سیکیورٹی کا کوئی انتہائی حساس نوعیت کا معاملہ ہے، اس لیے بتایا نہیں جا سکتا۔یعنی جس کام کے بارے میں وہ جانتے تھے کہ میرے تابعدار قسم وزیر بھی اس پر اعتراض کریں گے، اسے انتہائی مشکوک طریقے (in a clandestine manner) سے منظور کرا لیا گیا اور اُن سے زبردستی دستخط کرا لیے۔ پھر وہ پیسہ سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا گیا ، بعد میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ سے نکلوا کر قومی خزانے میں جمع کرایا تھا جس پر بانی پی ٹی آئی کے ٹائیگرز نے ناراضی کا اظہار کیا اور اسے بانی پی ٹی آئی سے دشمنی قرار دیا۔
خان کے حامی سب کچھ جانتے ہوئے بھی اس کا دفاع کرنا شاید اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، اس لیے وہ اس سوال پر سارا زور لگادیتے ہیں کہ ’’ خان کو اس کارروائی کے نتیجے میں کیا ملا؟‘‘ فوری طور پر القادر یونیورسٹی اور کروڑوں روپے کی عمارتوں اور فرنیچر کی ملکیت وغیرہ مل گیا ہے۔ حالات ٹھیک رہتے تو مزید آگے بڑھنا تھا۔ عوام کو یہی بتایا گیا کہ یہ ایک ٹرسٹ ہے جس سے خان صاحب کا کوئی تعلق نہیں مگر اس مقدس کام کے لیے جن نام نہاد ’’اولیائے کرام ‘‘کو ٹرسٹی مقرر کیا گیا، ان میں حضرت مولانا زلفی بخاری، حضرت مولانا عمران احمد نیازی اور حاجن بی بی بشریٰ شامل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے پیروکار شاید نہیں جانتے کہ آغاز میں تو یہ سب کچھ ٹرسٹ کے نام پر تھا مگر 2020 میں یہ ٹرسٹ ختم ہوگیا، زلفی بخاری کو بھی بیچ میں سے نکال دیا گیا اور اب یہ ساری زمین اور جائیداد کسی ٹرسٹ کے نام پر نہیں بلکہ صرف بانی پی ٹی آئی اور ان کی بیوی کے نام پر ہے یعنی اِس وقت صرف وہ دونوں اس جائیداد کے مالک ہیں۔ القادر کے نام پر کروڑوں روپے کے عطیے بھی آتے رہے، وہ ساری رقم بھی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملکیت میں ہے۔ وہ دونوں اس رقم کا جس طرح چاہیں استعمال کریں، کوئی انھیں پوچھنے والا نہیں کیونکہ اب وہ ٹرسٹ کی نہیں ان کی ذاتی ملکیت ہے۔
چونکہ پارٹی کا سوشل میڈیا وِنگ ہر وقت جھوٹ گھڑنے میں مصروف رہتا ہے اس لیے فیصلے سے پہلے تو ’’ بانی پی ٹی آئی نے اس سے کیا مالی فائدہ اٹھایا؟‘‘ کا ڈھول بجایا گیا، وہ نہ چل سکا تو اب فیصلے کے بعد نیا شوشہ چھوڑا گیا ہے کہ ریاستِ پاکستان کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ایک دس سالہ بچہ بھی جانتا ہے کہ حکومت سے تعلق نہیں تھا تو وزیراعظم کو انتہائی مشکوک اور خفیہ طریقے سے کابینہ سے منظوری لینے کی ضرورت کیوں پڑی؟ دراصل ان کا کام ہے جھوٹا بیانیہ بناؤ، چل گیا تو ٹھیک۔ نہ چلا تو کوئی اور گھڑ لو۔ اگر ریاستِ پاکستان سے تعلق نہ ہوتا تو معاملہ کابینہ میں ہرگز نہ آتا اور کابینہ میں وزراء اعتراض بھی نہ کرتے اور غیر جانبدار وکلاء پہلے دن سے ہی اسے "open and shut case" قرار نہ دیتے۔
اگر بانی پی ٹی آئی کے بجائے یہی کام نواز شریف نے کیا ہوتا اور اسی طرح بند لفافہ لہرا کر کابینہ سے منظوری لی ہوتی تو کیا بانی پی ٹی آئی کے حامی نوازشریف کو بے گناہ قراردیتے؟ ہر گز نہیں، پی ٹی آئی نوازشریف کو گردن زدنی قرار دیتی اور خود بانی پی ٹی آئی نوازشریف کو زیادہ سے زیادہ سزا دلانے کے لیے خود ایڑی چوٹی کا زور لگادیتے۔
اب آئیں سیرت النبی صل اللہ علیہ وصلم سے روشناس کرانے کے لیے کسی یونیورسٹی کے قیام کا اِشو ۔ سیرت النبیؐ کے کسی بھی ماہر سے یا کسی بھی اسلامی اسکالر سے پوچھیں تو وہ سب یہی کہتے ہیں کہ ایسی یونیورسٹی اسلام آباد میں قائم ہونی چاہیے تھی تاکہ پورے ملک سے طلبا اور اساتذہ کو وہاں پہنچنے میں آسانی ہوتی یا نئی یونیورسٹی کے بجائے اسلام آباد میں قائم بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں یا لاہور کی کسی بڑی یونیورسٹی میں ایک بہت بڑا نیا ڈیپارٹمنٹ قائم کردیا جاتا۔ایسا ادارہ سرکاری زمین پر بنتا یا عطیہ کی گی وراثتی جائیداد ر بنتا۔۔ اور پھر اسے حکومت کے کنٹرول میں دیا جاتا۔وہ ایک گھرانے کے بجائے ملک کا اثاثہ ہوتا اور اسے زلفی بخاری یا بانی پی ٹی آئی اور اس کی بیوی کے بجائے وزارت تعلیم یا وزارتِ مذہبی امور چلاتی، سوال یہ ہے کہ کیا اس نام نہاد یونیورسٹی میں سیرتُ النبیؐ کی تعلیم دی جا رہی تھی؟کیا وہاں دعوے کے مطابق عالمی شہرت کے اسکالر پڑھاتے ہیں؟ کیا بانی پی ٹی آئی نے کبھی وہاں جا کر تعلیمی ماحول اور معیار کا معا ئنہ کیا تھا؟ ان سب کا جواب ناں میں ملتا ہے۔
پوری یونیورسٹی میں کل 200 طلباء تھے اور سیرت النبی پڑھانے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ اس میں تو کسی شک و شبے کی کوئی گنجائش نہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم اور ملک کے پیسے کے امین ہوتے ہوئے خیانت کا ارتکاب کیا ہے لہٰذا وہ اس جرم پر سزا کے حقدار تھے۔ مگر میرے خیال میں سزا زیادہ دی گئی ہے۔ سزا کم ہونی چاہیے تھی۔ البتہ سزا پر مٹھائیاں تقسیم کرنے والے لوگ خوشامدی، جاہل اور ناعاقبت اندیش ہیں۔ یہ خوشیاں منانے کا نہیں عبرت حاصل کرنے کا موقع ہے۔