انڈونیشیا؛ مٹی کا تودہ گھروں پر گرنے سے 19 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتا
انڈونیشیا میں مسلسل بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ میں متعدد گھر دب گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جاوا میں بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ موسلا دھار بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے۔
لینڈ سلائیڈنگ میں مرکزی شاہراہ ٹوٹ گئی اور ملبہ گھروں اور کھیتوں میں گر گیا۔ پورا گاؤں ملیا میٹ ہوگیا۔
امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہیں۔ 19 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
مٹی کا تودہ گرنے سے ٹوٹنے والی سڑک سے علاقے کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ امدادی ٹیم 4 کلومیٹر پیدل چل کر جائے وقوعہ پر پہنچی۔
مسلسل بارش اور موسم کی خرابی کے باعث متاثرہ علاقے میں امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ مزید چار پانچ روز تک جاری رہے گا۔ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔