مریم نواز کی ایڈٹ شدہ تصاویر، سائبر کرائم لاہور کو مطلوب ملزم کراچی میں موجود

ایف آئی اے کراچی نے تحریری درخواست طلب کرلی ہے اور ملزم کی موجودگی کے مقام کی نشان دہی بھی کرلی گئی ہے، ذرائع

ملزمان نے مریم نواز کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی ایڈیٹ شدہ تصاویر وائرل کی تھی—فوٹو: فائل

کراچی:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ایڈٹ شدہ تصاویرکے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) لاہور نے مطلوب ملزم کی کراچی موجودگی پر سائبرکرائم کراچی سے ملزم کی گرفتاری کے لیے مدد طلب کرلی۔

ایف آئی اے سائبرکرائم ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خلیجی ملک کے صدرکے ساتھ ایڈیٹ شدہ سوشل میڈیا پراپ لوڈ تصاویرکےمعاملے پر ایف آئی اے لاہور نے کراچی میں مقیم ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے سائبرکرائم کراچی سے مدد طلب کرلی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سائبرکرائم لاہورکومطلوب ملزم کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کا رہائشی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی مختلف ایڈٹ شدہ گمراہ کن تصاویرمختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پراپ لوڈ کیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کراچی نے لاہور سائبر کرائم سے تحریری درخواست طلب کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز، صدر یواے ای کی جعلی تصاویر شیئر کرنے پر 2خواتین سمیت مزید 10 ملزمان کیخلاف مقدمات درج

ذرائع نے بتایا کہ مسیج یا زبانی درخواست پرکارروائی سے قانونی پچیدگیوں کا سامنا ہوسکتا ہے، اسی لیے تحریری درخواست طلب کرلی گئی ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے ملزم کی موجودگی کے مقام کی نشان دہی کرلی گئی ہےاور تحریری درخواست پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story