MUMBAI:
بالی ووڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان چھری کے حملے میں لیلاوتی اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد گھر واپس آگئے ہیں اور اب انہوں نے اپنی سیکیورٹی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک بڑی سیکیورٹی کمپنی کو ذمہ داری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان 16 جنوری کو چھریوں کے وار سے زخمی ہوگئے تھے جب ان کے گھر میں حملہ آور داخل ہوگیا تھا، جس کے بعد ممبئی کے پوش علاقے میں رہائش پذیر شوبز ستاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیف علی خان نے بدترین حملے کے بعد اپنی سیکیورٹی ایجنسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور رونیت رائے کی سیکیورٹی کمپنی ایس سیکیورٹی اینڈ پروٹیکشن پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
سیف علی خان جب اسپتال سےگھر واپس لوٹے تو رونیت رائے بھی بینڈرا میں ان کے گھر میں موجود تھے تاہم انہوں نے بالی ووڈ اسٹار کو سیکیورٹی فراہمی کے منصوبے سے آگاہ نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رونیت رائے نے بتایا کہ ہم پہلے ہی یہاں سیف کے ساتھ موجود ہیں، وہ اب ٹھیک ہیں اور گھر واپس آچکے ہیں۔
یاد رہے کہ 16 جنوری کو بظاہر ڈکیتی کی نیت سے ایک حملہ آور سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا تھا اور مزاحمت کے دوران چھریوں کے وار سے سیف کو زخمی کردیا تھا۔
سیف علی خان کو ایک آٹو رکشے میں لیلاوتی اسپتال پہنچایا گیا تھا، ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ سیف کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہی چھری کا وار لگا تھا اور ریڑھ کی ہڈی بال بال بچ گئی ہے۔
ڈاکٹروں نے فوری طور پر سرجری کی تھی، جس کے بعد ان کے بازو اور گردن کی پلاسٹک سرجری کی گئی تھی۔