اینٹی اسمگلنگ آپریشنز؛ خواتین سمیت 7 ملزمان سے ایک کروڑ مالیت کی منشیات برآمد

مختلف کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 7 ملزمان سے 138.63 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی


ویب ڈیسک January 23, 2025
(فوٹو: فائل)

راولپنڈی:

انسداد اسمگلنگ کی کارروائیوں کے دوران خواتین سمیت 7 ملزمان سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
 

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے گرد و نواح اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ اور خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں 7 مختلف کارروائیوں میں2 خواتین سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی  138.63 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

حکام نے سگیاں پل شیخوپورہ کے قریب کار میں  چھپائی گئی 1.2 کلو گرام افیون اور 2.4 کلو چرس برآمد کرکے  3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

اسی طرح لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے کے لیے تیار پارسل سے جیکٹ میں چھپائی گئی 429 مختلف نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ اُدھر راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس کے ذریعے ہانگ کانگ بھیجے جانے والے پارسل سے 200 گرام افیون برآمد ہوئی۔

کراچی میں شمالی بائی پاس کے قریب ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی  78 کلو گرام چرس برآمد کرکے  ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ بلوچستان کے علاقے پسنی میں چھپائی گئی 50 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی جب کہ جاپان روڈ اسلام آباد کے قریب خاتون کے بیگ سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔

علاوہ ازیں ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ کے قریب خاتون سمیت ملزم سے 1.5 کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں انتہائی مطلوب منشیات سپلائر گرفتار
راولپنڈی پولیس کا بڑے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری  ہے۔ اس سلسلے میں رتہ امرال پولیس نے  انتہائی مطلوب منشیات سپلائر شہریار عرف مکڑی کو گرفتار کرلیا ، جس سے 12 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔ ملزم اسکول بیگ میں منشیات سپلائی کے لیے لے جا رہا تھا اور اس نے مختلف علاقوں اور تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں