پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ( پی اے اے) نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ لینڈ سائیڈ پر آوارہ کتوں کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق مسئلے کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایئرپورٹ 3700 ایکڑ پر مشتمل ہے اور لینڈ سائیڈ گنجان آباد علاقوں سے گھرا ہوا ہے۔ پی اے اے نے لینڈ سائیڈ ایریا میں صفائی کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں اور ضلعی انتظامیہ سے آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے تعاون جاری ہے۔ صوبائی قانون آوارہ کتوں کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا جس سے تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔
پی اے اے کے مطابق یہ ایک مسلسل عمل ہے اور مقامی انتظامیہ سے اس حوالے سے کوششیں تیز کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایدھی فاؤنڈیشن سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ ایئر سائیڈ جہاں مین فلائٹ آپریشن ہوتا ہے مکمل طور پر فینس سے محفوظ ہے اور 24 گھنٹے عملے کی نگرانی میں ہے۔ ایئر سائیڈ پر کسی بھی ممکنہ دراندازی کے لیے مکمل حفاظتی انتظامات موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے ٹارمک اور جنرل ایوی ایشن ایریا کے بعد آوارہ کتے داخلی و خارجی گیٹس کے قریب بھی منڈلانے لگے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی کی عدم دلچسپی کے باعث کتے دن رات پارکنگ ایریا میں بھی مٹرگشت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
کتے کراچی ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کی گاڑیوں پر بھی حملے کرنے لگے۔ رات کے وقت کراچی ایئرپورٹ کا اندرونی پارک کتوں کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔ آوارہ کتوں پر قابو پانے کے لیے ایئرپورٹ اتھارٹی ایدھی حکام کو خط لکھ چکی ہے۔ کتوں کی ائیر پورٹ پرموجودگی بین الاقوامی سول ایوی ایشن رولز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔