بنگلادیش پریمئیر لیگ (بی پی ایل) میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنیوالے آل راؤنڈر خوشدل شاہ کو سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شامل کرنے کی تیاری کرلی گئی۔
نوجوان آل راؤنڈر کیرئیر کی شاندار فارم میں دیکھائی دے رہے ہیں انہوں نے بنگلادیش پریمئیر لیگ کے 8 میچز میں 197.12 کے اسٹرائیک ریٹ کیساتھ 91.33 کی اوسط سے 274 رنز بنائے ہیں اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں 7ویں نمبر پر موجود ہیں۔
قومی ٹیم کیلئے اپنے مختصر کیرئیر میں خوشدل شاہ نے 10 ون ڈے میچز کھیلے اور 33.16 کی اوسط سے محض 199 رنز بنائے جبکہ 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ کون کھیلے گا، کس کو کرنا پڑے گا آرام؟ حتمی فہرست تیار
انہوں نے سال 2022 میں آخری بار پاکستان کیلئے ون ڈے میچ ہالینڈ کیخلاف کھیلا تھا۔
قبل ازیں گزشتہ روز انجرڈ صائم ایوب کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود انکے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرنے کی باز گشت سنائی دی تھی تاکہ وہ فخر زمان کیساتھ اننگز کا جارحانہ آغاز کر سکیں۔
مزید پڑھیں: صائم کا متبادل کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عبداللہ شفیق کی حالیہ فارم کے باعث شان مسعود اور امام الحق کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔