ہمارا واضح موقف ہے ’’نو کمیشن نو مذاکرات‘‘، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب

پاکستان ڈیجیٹل بل پر پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مخالفت کی تھی پھر کہیں سے دباؤ آنے پر حق میں ووٹ دیا، عمر ایوب


ویب ڈیسک January 23, 2025

اسلام آباد:

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے کہ ’’نو کمیشن نو مذاکرات‘‘۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمر ایوب نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کو بتایا تھا 7 دنوں میں کمیشن بنایا جائے لیکن بانی پی ٹی آئی نے آج خود ہی کہہ دیا مذاکرات نہیں ہوں گے اور ہم اس پر من و عن عمل کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ کل صاحبزادہ حامد رضا کو روکنے کے لیے پولیس بھی گئی۔

ڈیجیٹل نیشن بل سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا پارلیمنٹ کے فلور پر احتجاج مسلسل جاری ہے، پاکستان ڈیجیٹل بل قائمہ کمیٹی میں پیش ہوا جس کی پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مخالفت کی تھی لیکن کہیں سے ڈنڈا آیا تو پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سپورٹ میں ووٹ دیا، ہمارے 6 ممبران نے بل کی مخالفت کی۔

عمر ایوب نے کہا کہ نادرا میں نان سویلین لوگ بیٹھے ہوئے ہیں اور انہوں نے میڈیا کنٹرول کے لیے پوری پلاننگ کی ہے، انہوں نے میڈیا پرسن کا ڈیٹا جمع کرنا ہے۔ انکا مقصد پستول سے پاکستان کی آزادی پر فائرنگ کرنا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے نوٹ کا بھی انہوں نے انتظار نہیں کیا، بل کو آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے اور یہ پیکا قوانین میں ترمیم کروا رہے ہیں۔ میڈیا فاشسٹ حکومت کے کنٹرول میں ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ میں نے اسپیکر کو خط لکھا ہے کہ نیا چیف الیکشن کمشنر آنا چاہیے۔ شہباز شریف کو وزیراعظم نہیں مانتے، سکندر سلطان راجہ کے حوالے سے شہباز شریف کا موقف سامنے نہیں آیا۔ ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام پارٹیوں سے رابطہ کریں گے۔

اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ ان کا بنیادی حق چھینا جا رہا ہے، فری موومنٹ اور فری اسپیچ کا حق چھینا جا رہا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم سے بھی حقوق چھینے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے پوری دنیا میں تماشہ لگا ہوا ہے، سپریم کورٹ کو بھی تقسیم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لیے آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیری گئیں، تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے کہتا ہوں کہ ملک کی خاطر اور اپنے مستقبل کی خاطر باہر نکلیں، آئینی حق لینے کے لیے باہر نکلیں، یہ عوام کی جنگ ہے اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اس جنگ میں شامل ہوں۔

سابق اسپیکر نے کہا کہ ہمارا پلان یہ ہے کہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں، ہم بار ایسوسی ایشن، طلباء ایسوسی ایشن اور وکلاء برادری کو بھی ساتھ ملائیں گے، ہم بہت بڑا سمینار کا انعقاد کریں گے اور عوام سے رائے لیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ قطر اور دبئی میں پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ویزا اور پاسپورٹ کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ دبئی اور قطر کے اعلیٰ حکام سے درخواست کروں گا کہ وہ پاکستانیوں کے حوالے سے پالیسی پر نظر ثانی کریں، یہ ہماری خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے، متحدہ عرب امارات اور قطر کے ساتھ سفارتی سطح پر یہ معاملہ اٹھایا جائے۔

زرتاج گل

پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ گزشتہ روز ہمیں اسٹینڈنگ کمیٹی کا بتایا ہے، آپ حکومت ہیں تو آپ سب کچھ کر سکتے ہیں، راتوں رات ایک ہی ایجنڈا بنایا گیا، فیک نیوز کی بھر مار ہے اس میں کو شک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ایک رہنما نے کہا یہاں تو لوگوں کی وڈیوز موجود ہیں، مہر شرافت علی سے ہارنے کے بعد مریم نواز نے کہا میرے پاس وڈیو ہے۔ آپ نے فائر وال لگائی، آپ پڑھے لکھے نہیں اور اوپر سے پڑھتے بھی نہیں۔

زرتاج گل نے کہا کہ اگر حکومت کو سوشل میڈیا پر اپنے کرتوت نہیں پسند تو کرتوت ٹھیک کرے، کرتوت ٹھیک کرنے کے بجائے آئین توڑنے جا رہے ہیں، ان کے کرتوت دکھاتے ہیں تو ڈرگ کا مقدمہ درج ہوتا ہے۔

حامد رضا

مذاکراتی کمیٹی کے تیسرے دور میں کہا تھا کہ اگلی میٹنگ جوڈیشل کمیشن کے اعلان پر رکھی جائے گی لیکن آج بانی چیئرمین کی طرف سے احکامات جاری ہوئے۔

سپریم کورٹ سے عادل بازئی کے حوالے سے فیصلہ آیا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کی رولنگ پر شہباز شریف کی رکنیت معطل کرے کیونکہ سپریم کورٹ کی ججمنٹ آگئی کہ انہوں نے جعلی بیان جمع کروایا ہے، جب تک سول کورٹ سے فیصلہ نہیں آتا تب تک وزیراعظم کی رکنیت معطل کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں