فلپائن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہے جس میں وہ مذاق کرتے ہوئے اپنے ہونٹوں پر سپر گلو لگا لیتا ہے، لیکن صورتحال جلد خطرناک ہوجاتی ہے۔
سوشل میڈیا کے دور میں لوگ اکثر توجہ حاصل کرنے اور آن لائن وائرل ہونے کےلیے انتہائی حد تک چلے جاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ فلپائن سے تعلق رکھنے والے شخص کے ساتھ ہوا، جسے اپنے ہونٹوں کو سپر گلو سے چپکانے کا مذاق مہنگا پڑ گیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص سپر گلو کی ٹیوب کو کیمرے کے سامنے دکھا کر محلول کو اپنے ہونٹوں پر لگاتا ہے۔
یہ گوند سیکنڈوں میں کسی بھی چیز کو چپکانے کا دعویٰ کرتی ہے، اور اس شخص کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے جب اس کے ہونٹ مضبوطی سے چپک جاتے ہیں۔
ویڈیو کی ابتدا میں آدمی اس صورتحال پر ہنستا ہے اور اسے لگتا ہے کہ یہ مذاق کامیاب ہوگیا۔ تاہم جلد ہی اس کی یہ ہنسی ختم ہوجاتی ہے جب وہ منہ کھولنے کےلیے جدوجہد کرتا ہے۔
جلد ہی اس شخص کی تفریح گھبراہٹ میں بدل جاتی ہے جب اسے احساس ہوتا ہے کہ اس کے ہونٹ بہت کوششوں کے باوجود بھی الگ نہیں ہوپارہے۔ صورتحال کی سنگینی کے ساتھ اس کے آنسو بہنے لگتے ہیں۔ اور یقینی طور پر اسے سانس لینے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔ ویڈیو میں اس شخص کا پریشان چہرہ عیاں ہے۔
اس ویڈیو نے 6.7 ملین سے زیادہ لوگوں نے دیکھا اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے متعدد ردعمل حاصل ہوئے۔ ایک کمنٹ میں لکھا گیا کہ ’’کم از کم اسے اپنے ہونٹوں کو سیل رکھنے کا ایک انوکھا طریقہ مل گیا ہے‘‘۔
جبکہ ایک اور صارف نے خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے امید ہے کہ اس نے اپنا سبق سیکھ لیا ہوگا، کیونکہ یہ سچویشن اور بھی خراب زیادہ ہوسکتی تھی۔‘‘