شیر افضل مروت کو جیل میں داخل نہ ہونے دیا جائے، عمران خان کی جیل انتظامیہ کو ہدایت
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنما شیرافضل مروت کو بطور وکیل صفائی پیش ہونے سے روک دیا۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل انتظامیہ اور عدالت کو آگاہ کر دیا، عمران خان نے جیل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ شیر افضل مروت میرا وکیل نہیں، اسے جیل داخل نہ ہونے دیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق پانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت سے متعلق تحریر بھی لکھوا دی۔
شیر افضل مروت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، شیر افضل مروت گیٹ پانچ سے اڈیالا جیل ڈیوڑھی تک پہنچے تھے وہاں سے واپس بھجوا دیا گیا۔
شیر افضل مروت کے اڈیالہ جیل پہنچنے پر جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو اگاہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو ایک بار پھر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا تھا۔
شیر افضل مروت کی جانب سے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی کی وجہ سے پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو ایک بار پھر شو کاز (اظہارِ وجوہ) نوٹس جاری جاری کردیا گیا تھا۔
نوٹس کے ذریعے شیر افضل مروت سے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی پر جواب طلب یا گیا ہے اور جواب دیے جانے تک میڈیا پر پارٹی کی نمائندگی سے بھی روک دیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: میرے خلاف کوئی بولے گا تو خاموش نہیں رہوں گا، شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو خبردار کردیا
شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس سے متعلق ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
بانی چیئرمی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے پہلے بھی پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ شیر افضل مروت نے بغیر سوچے سمجھے بیانات جاری کیے ہیں۔ آپ اب 7 دن کے اندر اپنا جواب جمع کروائیں۔ اس سب کے دوران آپ میڈیا پر یا کسی ٹاک شو پر نہیں بیٹھیں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی میں اختلافات کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی میرے خلاف باتیں کرے گا تو مجھ سے خاموشی کی توقع نہیں رکھے۔