نومنتخب امریکی صدر نے اپنے بیرون ملک سفارت خانوں اور مشن کے دفاتر پر پرائیڈ فلیگ (ہم جنس پرستوں کا جھنڈا) یا بلیک لائیوز میٹر (سیاہ فاموں کی حمایت میں ) کے جھنڈوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ’’پرچمِ واحد‘‘ کی پالیسی نافذ کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی روزانہ کی بنیاد پر ایگزیکیٹو آرڈرز جاری کرنا شروع کردیئے۔
ان میں سے ایک آرڈر میں بیرون ملک میں تمام امریکی سفارت خانوں اور مشن پر صرف اور صرف امریکی پرچم لہرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہر سال جون کے مہینے کو عالمی سطح پر ہم جنس پرستوں کی حمایت میں ماہِ فخر کے طور پر منایا جاتا ہے۔
جوبائیڈن دور میں دنیا بھر کے امریکی سفارتخانوں پر اس مہینے ہم جنس پرستوں کے علامت کہلائے جانے والے پرچم لہرائے جاتے تھے۔
اسی طرح پولیس تشدد سے سیاہ فام شہری کی ہلاکت پر ہونے والے اجتجاج ’’بلیک لائیو میٹرز‘‘ نے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔
اس احتجاج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بھی سیاہ فاموں کی زندگیوں کی حفاظت اور حقوق کی ضمانت کے لیے ان کا پرچم لہرایا جاتا تھا۔
تاہم اب سے امریکا کے تمام سفارت خانوں میں صرف اور صرف امریکی پرچم لہرائے جائیں گے۔