اسلام آباد:
وفاقی وزارت مواصلات کی جانب سے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث موٹر ویز کی بندش کے فیصلہ کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل پیش کردی، جس کے مطابق یہ احتجاج سوا 15 کروڑ میں پڑا۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات علیم خان نے نومبر 2024 میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث موٹر ویز کی بندش سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرا دیں۔
علیم خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر موٹر وے ایم 2، ایم 3 اور ایم 4 کو 24 سے 26 نومبرتک بند رکھا گیا، جس کے نتیجے میں ٹول ریونیو کا 15 کروڑ15لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ موٹرویز کو امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر بند کیا گیا تھا کیونکہ مصدقہ اطلاعات تھیں کہ مشتعل مظاہرین امن و امان کی صورت حال خراب کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ مظاہرین ڈنڈوں اور غلیلوں سے لیس ہو کر آرہے ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا اور اس سے متعلق اطلاع عام کا نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
قومی اسمبلی کو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 3 موٹرویز پر ٹول ریونیو35 کروڑ36 لاکھ روپے حاصل ہوا ہے۔