MUMBAI:
مشہور بالی وڈ اداکارہ تبسم فاطمہ ہاشمی جنہیں دنیا تبو کے نام سے جانتی ہے، نہ صرف اپنی غیر معمولی اداکاری بلکہ ذاتی زندگی کے تنازعات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہی ہیں۔
تبسم فاطمہ ہاشمی کا اسٹیج نام تبو ہے، وہ 4 نومبر 1971 کو حیدرآبادی مسلم خاندان میں پیدا ہوئیں، ان کے والد جمال علی ہاشمی، جو کبھی پاکستان میں اداکار تھے، بھارت منتقل ہونے کے بعد خاندان کو چھوڑ گئے۔
تبو نے کبھی اپنے والد کا نام استعمال نہیں کیا اور کہا کہ "مجھے اپنے والد سے کبھی ملنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی، میری زندگی میں ان کی کوئی یاد نہیں ہے، میں اپنی زندگی جیسی ہے اسی میں خوش ہوں ۔"
تبسم نے نہ صرف بالی وڈ بلکہ علاقائی فلموں میں بھی اپنی شان دار اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کی مشہور فلموں میں ماچس، چندنی بار، مقبول، حیدر، دی نیم سیک، چینی کم شامل ہیں۔
انہوں نے ہمیشہ غیر روایتی کرداروں کو ترجیح دی، جو ان کے فن کارانہ قابلیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
تبسم کی ذاتی زندگی بھی ہمیشہ سے چرچے میں رہی ہے، ان کا پہلا رشتہ اداکار سنجے کپور سے جوڑا گیا، مگر یہ جلد ختم ہو گیا۔
بعد ازاں ان کا نام پروڈیوسر ساجد نڈیاڈوالا کے ساتھ جوڑا گیا اور اطلاعات کے مطابق دونوں کی منگنی بھی ہوئی تھی تاہم، ساجد اپنی پہلی بیوی دویہ بھارتی کی یادوں کی وجہ سے رشتہ قائم نہ رکھ سکے۔
جنوبی سپراسٹار ناگ ارجن کے ساتھ بھی تبسم کا 10سال طویل تعلق رہا لیکن اداکار کی ازدواجی پیچیدگیوں کی وجہ سے یہ تعلق آگے بڑھ نہیں سکا۔